وزیراعظم کل ایران، سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے

IQNA

وزیراعظم کل ایران، سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے

13:34 - October 11, 2019
خبر کا کوڈ: 3506731
بین الاقوامی گروپ-وزیراعظم عمران خان کل (12 اکتوبر کو) ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لیے دونوں ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق حکام نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے ایران جائیں گے، جہاں وہ رات میں قیام کریں گے اور 13 اکتوبر (اتوار) کو ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔

ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد وہ اسی روز ریاض کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیراعظم کے دورہ ایران اور سعودی عرب کی تصدیق کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کے امکانات ہیں، تاہم انہوں نے دورے کی تاریخ سے متعلق کچھ نہیں بتایا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں سے کہا تھا کہ وزیراعظم کے متوقع دورے میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان، سعودی عرب کی درخواست پر دونوں ممالک کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے سے متعلق اقدام اٹھارہے ہیں۔

سعودی عرب کے آخری دورے کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے وزیراعظم پاکستان سےمدد طلب کی تھی کیونکہ سعودی عرب جنگ نہیں چاہتا۔

دوسری جانب ایران نے ثالثی کی پیشکش قبول کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی لیکن اسے امریکا اور دیگر مغربی فورسز کے انخلا سے مشروط کردیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ پاکستان 2 خلیجی حریفوں کے درمیان ثالثی کی کوشش کررہا ہے، 1980 کی دہائی سے لے کر اب تک کم از کم 4 مرتبہ پاکستان ثالثی سے متعلق اقدامات اٹھاچکا ہے۔

نظرات بینندگان
captcha