بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان

IQNA

بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان

14:41 - October 08, 2019
خبر کا کوڈ: 3506725
بین الاقوامی گروپ-بھارت نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر 2 ماہ سے عائد سفری پابندیاں 10 اکتوبر سے ہٹادی جائیں گی۔

ایکنا نیوز کے مطابق مقبوضہ جموں اور کشمیر کے گورنر ستیا پال ملک نے محکمہ داخلہ کو وہ ہدایت نامہ ختم کرنے کا حکم دے دیا جس کے تحت وادی میں موجود سیاحوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان احکامات کا اطلاق 10 اکتوبر سے ہوگا۔

یاد رہے کہ 5 اگست کی اقدامات سے قبل ہی بھارت نے مقبوضہ وادی میں غیر معمولی اقدامات اٹھانے شروع کردیے تھے جس کے تحت 2 اگست کو مقبوضہ کشمیر کے سفر پر پابندی عائد کر کے وادی میں پہلے سے موجود سیاحوں کو نکل جانے کا حکم دیا تھا۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے مقبوضہ وادی میں دو ماہ قبل لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

بھارتی حکام کے اس اعلان کے باوجود برطانیہ اور دیگر ممالک نے اپنے شہریوں پر مقبوضہ کشمیر کا سفر نہ کرنے کی ہدایت برقرار رکھی ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر کو ’زمین پر جنت‘ کہا جاتا ہے جو اپنے خوبصورت پہاڑوں، گلیشیرز اور مشہور ڈل جھیل کے باعث مغل بادشاہوں کے زمانے سے ہی سیاحت کا مقبول ترین مقام ہے، جہاں صدیوں پہلے حکمران گرمیاں گزارنے کے لیے جاتے تھے۔

نظرات بینندگان
captcha